پسے ہوئے لوگوں کے لیے ماہانہ 28 ارب روپے سبسڈی اور ریلیف دیا ،میڈیا سے گفتگو
لاہور (ویب نیوز)
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دل پر پتھررکھ کر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا ۔لاہور کی سپیشل کورٹ سینٹرل سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر اس حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی صدر سے نواز شریف نے بڑے اچھے انداز میں بات کی تھی، انہوں نے کہا تھا آپ کے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کا بہت شکریہ۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے کہا تھا ان شا اللہ ہم زندہ رہیں گے، انہوں نے یہ بھی کہا تھا مجھے پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی میں پسے ہوئے ہیں اور غریب خاندان رو رہے ہیں، ان کے پاس دوائی اور علاج کرانے کے پیسے نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور بیروزگاری ہے جب کہ پیٹرول سے متعلق ہم نے دل پر پتھر رکھ کرفیصلہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ غریب ایک وقت کی روٹی کو ترستے ہیں، دوائی اور علاج کرانے کے پیسے نہیں، ہم نے ماہانہ 28 ارب روپے قومی خزانے سے خرچ کرکے پاکستان کے پسے ہوئے کروڑوں لوگوں کے لیے سبسڈی اور ریلیف دیایہ ان کا حق ہے ۔