اسلام آباد (ویب نیوز)

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔یوم تکبیر کے موقع پر بیان جاری کرتے ہوئے  ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ یومِ تکبیر پر قوم پاکستان کے دفاع کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے جوہری تجربات نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کسی بھی شکل میں جارحیت یا مہم جوئی کو روکنے کی اپنی صلاحیت کو برقرار رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قوم کی سلامتی کو یقینی بنانے میں اس کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی، پانی اور خوراک کی حفاظت، تعلیم، صحت، زراعت اور صنعت سے لے کر پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ صحت کے شعبے میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ذریعے ملک بھر میں 20 کینسر ہسپتال چلائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں فصلوں کی زیادہ پیداوار اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف مزاحمت کرنے میں جوہری تحقیقی مراکز کے تعاون کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔