پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس، معاملے کو مزید التوا کا شکار نہیں بننے دینگے، الیکشن کمیشن
آپ نے آج فنڈز کا موازنہ مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، ہم تو مزید سننے کو تیار ہیں، چیف الیکشن کمشنر
الیکشن کمیشن میں کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کے کیس پر اثر انداز ہورہا ہے، ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن سکروٹنی کا عمل موخر کرے، وکیل انور منصور
الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا الگ دائرہ اختیار ہے، پہلے ہی یہ کیس کئی سال سے زیر التوا ہے، چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ
چیف الیکشن کمشنر نے کیس کی مزید سماعت آج (جمعرات ) تک ملتوی کردی
اسلام آباد ( ویب نیوز)
چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست پر کہا کہ ایسا تاثر جارہا ہے کہ دانستہ معاملہ لٹکایا جارہا ہے، معاملے کو مزید التوا کا شکار نہیں بننے دینگے۔بدھ کو الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں تحریک انصاف کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ آپ نے آج فنڈز کا موازنہ مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، ہم تومزید سننے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی فنڈز پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں، اس موقع چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ کے فنانشل ایکسپرٹ کو مزید کتنا وقت چاہیے؟ وکیل انور منصور نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کے کیس پر اثر انداز ہورہا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن سکروٹنی کا عمل موخر کرے۔ وکیل کے دلائل پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا الگ دائرہ اختیار ہے، پہلے ہی یہ کیس کئی سال سے زیر التوا ہے، بین الاقوامی سطح پر اس کیس کی وجہ سے پی ٹی آئی کا خراب تاثر جارہا ہے۔ وکیل انور منصورنے کہا کہ( آج) جمعرات کو فنانشل ایکسپرٹ کے ساتھ بیٹھ کر بتا دوں گا مزید کتنا وقت چاہیے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا یہ ریکارڈ سمجھانا پانچ منٹ کا کام ہے، ہمیں آپ کا ریکارڈ زبانی یاد ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن معاملے کو مزید التوا کا شکار نہیں کرے گا، کل تک بتائیں دلائل مکمل کرنے میں مزید کتنا وقت لگے گا۔ بعدازاں چیف الیکشن کمشنر نے کیس کی مزید سماعت آج (جمعرات )ساڑھے 12بجے تک ملتوی کردی۔