اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیراعظم شہبازشریف نے نئی مصنوعات کی ملکی سطح پر تیاری اور اس کے استعمال کی تربیت دینے اور نئی ٹیکنالوجیز کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا ہے جس میںHybrid ہائبرڈاور برقی گاڑیوں کو جلد متعارف کرانا بھی شامل ہے۔انہوں نے یہ بات انڈس موٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی اصغر جمالی سے منگل کو اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔پاکستان میں جاپان کے سفیرMitsuhiro Wada بھی ملاقات میں موجودتھے۔وزیراعظم نے جاپانی وفد سے کہا کہ ایسے مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے اور پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری بڑھائی جائے۔
اس سے پہلے سرکردہ جاپانی کمپنیوں پر مشتمل ایک وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی حکومت کے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ جاپان کے ساتھ بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری، ٹیلی مواصلات، خوراک، انفراسٹرکچر اور دوسرے اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کی تاکہ پاکستان میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جاسکیں۔