کراچی میں16،اسلام آباد میں 6،پشاور،کوئٹہ میں10گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی
اسلا م آباد (ویب نیوز)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں لوڈشیڈنگ بدستورجاری ہے ، بجلی کا شارٹ فال5 ہزار میگاواٹ سے زیادہ ہو گیا۔کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے تک پہنچ گیا، اسلام آباد میں 4سے 6 گھنٹے تک بجلی بند رہی جبکہ لاہور میں سات سے آٹھ گھنٹے، پشاور اور کوئٹہ میں دس دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔کراچی میں شدید گرمی کے ساتھ سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے، سرجانی ٹائون ، نیو کراچی، لیاری، اورنگی ٹائون، کورنگی، بلدیہ اور لانڈھی کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔کے الیکٹرک نے واجبات کی عدم ادائیگی کو لوڈشیڈنگ کی وجہ بتایا ہے۔ لیسکو کی طلب 5700 میگاواٹ تک جاپہنچی جبکہ شارٹ فال 800میگاواٹ ہے، نیشنل گرڈ سٹیشن سے لیسکو کو4ہزار 900 میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے، ترجمان نے کہا کہ لیسکو نے ساڑھے 3گھنٹے بجلی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا ہے۔ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 307 میگاواٹ ہے ۔پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 21ہزار 293 میگاواٹ ہے، ملک میں بجلی کی طلب 26ہزار 600میگاواٹ ہے، پانی سے 4ہزار 688میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ، سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 314میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 12 ہزار 182 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس ایک ہزار 567 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار 118 ہے ، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 187میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن ایک ہزار 237میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ جاری، اسلام آباد ریجن میں بھی 4 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔