اسلام آباد (ویب نیوز)

ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی لوڈ شیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہو گیا، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا ۔ پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 484 میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی طلب 28 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 516 میگا واٹ تک پہنچ گیا۔ادھر لاہور میں تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر جلنے سے شہر کے متعدد علاقے رات بھر بجلی سے محروم رہے، بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث بچے، بوڑھے، خواتین اور بیمار شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ ا،پانی کی بھی کمی کا سامنا رہا ۔دوسری جانب کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی، شہر میں 10 سے 12 گھنٹوں کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، شہر میں بجلی کی طلب 3 ہزار300 میگا واٹ ہے جبکہ سپلائی 2 ہزار950 میگا واٹ ہے، 350 میگا واٹ کے شارٹ فال کو پورا کرنے کیلئے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق لائنز ایریا، صدر، سٹی ریلوے کالونی، ہجرت کالونی میں 10سے 12 گھنٹے تک بجلی کا تعطل ہے، نیو کراچی، مدینہ کالونی، سندھی ہوٹل، ناگن چورنگی کے اطراف میں بھی 10 سے 12 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔علاوہ ازیں بجلی کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام سراپا احتجاج ہیں، گرمی کیساتھ ہی عوام کا پارہ بھی ہائی ہو گیا، لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ہے۔