صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی سٹیٹ لائف کو فائر مین کی بیوہ کو منافع کے ساتھ انشورنس کلیم ادا کرنے کی ہدایت
اسلام آباد( ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کو سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان کے فائر مین کی بیوہ کو منافع کے ساتھ گروپ انشورنس کلیم ادا کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرمملکت نے کہا کہ ملازم کا جون 2016 میں انتقال ہوا، بیوہ کو انشورنس کے انتظار میں چھ سال ہوگئے ، رقم نہیں ملی ، تکلیف اور اذیت کے علاوہ وقت کے ساتھ روپے کی قدر بھی کم ہو جاتی ہے۔صدرمملکت نے وفاقی محتسب کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے حکم دیا کہ سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آ ف پاکستان بیوہ کو منافع کے ساتھ انشورنس کی رقم ادا کرے ،صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی اپیل مسترد کردی ۔صدرمملکت نے کہا کہ12مارچ 2008 کو لوکل گورنمنٹ اور سٹیٹ لائف کے درمیان گروپ انشورنس معاہدہ ہوا تھا ، پنجاب حکومت کا 60 سال سے کم عمر ہر ملازم پریمیم کی ادائیگی سے مشروط بیمہ شدہ ہے ،متوفی فائر مین نے سروس کے دوران اپنے بنیادی پے سکیل کے مطابق ماہانہ پریمیم بھی ادا کیا ،بیوہ کے دعوی کے حق میں تمام مطلوبہ دستاویزات بھی موجود ہیں جبکہ وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف فیصلہ کیلئے کوئی ٹھوس وجہ موجود نہیں ۔شکایت کنندہ کو گروپ انشورنس معاہدے کے مطابق انشورنس کلیم ادا کرنا انشورنس کمپنی کی ذمہ داری ہے۔