اسلام آباد (ویب نیوز)
جانوروں کے حقوق سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کی عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے،کاون ہاتھی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا امریکی عدالتی فیصلے میں تذکرہ کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جانوروں کے حقوق کے تناظر میں کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی کا غیر معمولی فیصلہ دیا۔ایف جسٹس اطہر من اللہ نے 20 مئی 2020 کو ہاتھی کو محفوظ پناہ گاہ میں منتقلی کا فیصلہ دیا تھا،سٹیٹ آف نیو یارک کورٹ آف اپیلز کے 14 جون کے فیصلے میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ امریکی عدالتی فیصلے میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کاایک پیراگراف شامل کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ بلاشبہ جانور بھی حساس وجود رکھتے ہیں ان کے بھی جذبات ہوتے ہیں ، جانور بھی خوشی غمی کے لمحات محسوس کر سکتے ہیں ، ہائی کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ہر قسم کے جانوروں کے قدرتی طور اپنی اپنی رہنے کی جگہیں ہیں ، جانور کی اپنی ضرورت کے مطابق ان کو ماحول چاہیے ہوتا ہے ، قدرتی ماحول کے برعکس ایک ہاتھی کو دوسرے ہاتھیوں سے الگ کرکے اکیلے کیسے رکھا جا سکتا ہے؟قدرتی طور پر جانوروں کے بھی حقوق ہیں اور وہ ان کو ملنے چاہئیں ، فیصلہ کے پیراگراف میں کہا گیا کہ جانوروں کا حق ہے کہ وہ اپنی قدرتی ضروریات پوری کرنے والے ماحول میں رہیں۔