پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج وزیراعظم آفس میں ہوگا
وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ عسکری قیادت اجلاس میں شریک ہوگی
طالبان سے مزاکرات کے حوالے سے سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا
اسلام آباد (ویب نیوز )
پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج وزیراعظم آفس میں ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ عسکری قیادت اجلاس میں شریک ہوگی،کمیٹی ممبران مدعو تاہم تحریک انصاف کی جانب سے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اجلاس میں طالبان سے مزاکرات کے حوالے سے سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس آج(بدھ) سہ پہر تین بجے وزیراعظم آفس میں اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں منعقد ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ عسکری حکام اجلاس میں شریک ہونگے، وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری ، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود ، یوسف رضا گیلانی، اختر مینگل ، شاہ زین بگٹی ،خالد مقبول صدیقی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ قومی سلامتی کمیٹی اراکین کی تعداد بڑھاکر 30 کردی گئی ہے، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو بھی کمیٹی میں شامل کردیا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے قومی سلامتی کمیٹی میں شرکت پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر شہزاد وسیم ، اعظم سواتی اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید بھی پارلیمانی کمیٹی کے ممبر ہیں۔ عسکری قیادت پارلیمانی کمیٹی کو طالبان سے جا ری مذاکرات پر اعتماد میں لے گی۔