ڈیرہ بگٹی میں ایک مکان مکمل تباہ جبکہ بارکھان، دکی، ہرنائی میں 12 کو جزوی نقصان پہنچا،اعدادوشمار پی ڈی ایم اے
کوئٹہ (ویب نیوز)
بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 9تک پہنچ گئی۔قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پراونشل ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے اعدادوشمار کے مطابق بلوچستان میں پری مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مجموعی طور پر نو افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے جبکہ چار لاپتہ ہیں۔پی ڈی ایم اے کے حکام کے مطابق ضلع ہرنائی کے علاقے سپین تنگی میں سیلابی ریلا دو خواتین اور ایک بچی سمیت تین افراد کو بہا کر لے گیا تھا جن میں سے بچی کی لاش مل گئی جبکہ دو خواتین لاپتہ ہیں۔حکام نے بتایا کہ ہرنائی میں بارشوں سے چار مکانات اور سنجاوی ہرنائی شاہراہ کو نقصان پہنچا۔اس کے علاوہ دو پل اور ایک کلومیٹر ریلوے ٹریک بھی کچھ متاثر ہوا جبکہ بارشوں نے فصلوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ پی ڈی ایم اے کے اعداد وشمار کے مطابق 20 جون سے ہونے والی بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر اب تک صوبے کے مختلف علاقوں میں نو افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے حکام نے مزید بتایا کہ ڈیرہ بگٹی میں ایک مکان مکمل تباہ جبکہ بارکھان، دکی ہرنائی میں 12 کو جزوی نقصان پہنچا ہے، اسی طرح 366 مال مویشی ہلاک ہوئے ہیں اور 329 سولر پلیٹس کو نقصان پہنچا ہے۔