ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی،بچوں سمیت6 افراد جاں بحق،متعدد زخمی

وزیرآباد میں جوہڑ میں گر کر2بچے جاں بحق ہوگئے، نگراں وزیراعلی پنجاب کا واقعے پر افسوس

قصور کے نواحی گاؤں صاحبنی والا میں بارش کے پانی میں ساتویں کلاس کا طالب علم ڈوب کر جاں بحق ہوگیا

مانسہرہ میں رات گئے موسلادھاربارش سے 3کچے گھروں کی دیواریں گرگئیں، خاتون اور 2بچوں سمیت 3افراد جاں بحق، 4زخمی ہوگئے

وادی کونش اور وادی سرن کے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ، لوئرچترال میں موسلادھار بارش سے کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی

کوغذی میں 2 دکانیں، ایک ورکشاپ اور ایک سروس اسٹیشن سیلاب کی نذر ہوگئے،5 پن چکیاں،2 مویشی خانے، سڑک اور پل سیلاب کی زد میں آگئے

چترال شندور کو ملانے والا پل طغیانی سے متاثر ، کاری کے مقام پر پل بہنے سے چترال بونی روڈ بند ہوگیا،گہتک دنین نالے میں طغیانی سے گھروں کو نقصان پہنچا

لاہور کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سب سے زیادہ بارش گلشن راوی میں 163ملی میٹر ریکارڈ کی گئی

آزاد کشمیر میں بارش کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ،مختلف علاقوں کی کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کے ندی نالوں بھی میں سیلابی صورتحال

 غذر کے علاقے یاسین میں بھی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، بارش اور سیلابی ریلے سے متعدد گھر،گاڑیاں، کھڑی فصل اور باغات تباہ ہوگئے

اسلام آباد/لاہور/قصور/مانسہرہ (ویب  نیوز)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک بھر موسلادھار بارش ہوئی،پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں بچوں سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔وزیرآباد میں جوہڑ میں گر کر2بچے جاں بحق ہوگئے، نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی سوگوار خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔قصور کے نواحی گاؤں صاحبنی والا میں بارش کے پانی میں ساتویں کلاس کا طالب علم ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ۔ 13 سالہ حسنین گھر سے بارش میں نہانے کے لئے نکلا تو تالاب نما گڑھے میں گر کر ڈوب گیا، بھٹہ خشت کے مالک نے مٹی کی کھدائی کرکے گڑھے کھود رکھے تھے جس میں بارش کا پانی جمع ہوا گیا تھا۔ واقعے سے علاقے میں کہرام مچ گیا ، حالات کشیدہ ہونے پر تھانہ کھڈیاں خاص کی پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔ 13 سالہ بچے کے ورثا نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا اور لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے بھٹہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں رات گئے موسلادھاربارش سے 3کچے گھروں کی دیواریں گرگئیں۔ حادثات میں خاتون اور 2بچوں سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہوگئے۔ بارشوں کے باعث وادی کونش اور وادی سرن کے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ لوئرچترال میں موسلادھار بارش سے کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی۔ کوغذی میں 2 دکانیں، ایک ورکشاپ اور ایک سروس اسٹیشن سیلاب کی نذر ہوگئے،5 پن چکیاں،2 مویشی خانے، سڑک اور پل سیلاب کی زد میں آگئے۔ چترال شندور کو ملانے والا پل بھی طغیانی سے متاثر ہوگیا، کاری کے مقام پر پل بہنے سے چترال بونی روڈ بند ہوگیا۔ گہتک دنین نالے میں طغیانی سے گھروں کو نقصان پہنچا۔ادھرلاہور کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سب سے زیادہ بارش گلشن راوی میں 163ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جوہر ٹاون میں 156، نشتر ٹان میں 151اور لکشمی چوک پر 142ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نگراں وزیراعلی نے اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔پنجاب کے دوسرے اضلاع پاکپتن، شکرگڑھ، کرتارپور، نورکوٹ، کوٹ نیناں اور مضافات میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شرقپورشریف شہر اور رینالہ خورد میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا۔بھارت سے دریائے چناب میں چھوڑا گیا سیلابی ریلا جھنگ پہنچ گیا۔ تریموں بیراج پر بہا ایک لاکھ 3 ہزارکیوسک ہوگیا۔ چناب میں مرالہ بیراج سیالکوٹ پر ایک لاکھ 9ہزار کیوسک کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب ہے۔دریائے راوی میں جسڑکرتارپور

پر43ہزار80کیوسک بہاؤ کیا گیا، شاہدرہ پل پربہاکم ہوکر 26ہزار کیوسک پرآگیا، دریائے ستلج میں بھارت سے پانی کی آمد جاری ہے۔ گنڈاسنگھ پر پانی کا بہاؤ40ہزارکیوسک برقرار ہے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر بھر میں بارش کا سلسلہ مسلسل چوتھے روز بھی جاری ہے، شدید بارش سے مختلف علاقوں کی کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ درخت گرنے سے وادی لیپہ کو دیگر علاقوں سے ملانے والی سڑک بھی بند ہوگئی۔ حالیہ بارشوں کے باعث گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کے ندی نالوں بھی میں سیلابی صورتحال ہے۔ دریائے شیوک کی سطح میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے کومل رہا ہے، سیلاب کی وجہ سے مختلف شاہراہوں کی بندش کا سامنا ہے۔ضلع غذر کے علاقے یاسین میں بھی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، بارش اور سیلابی ریلے سے متعدد گھر،گاڑیاں، کھڑی فصل اور باغات تباہ ہوگئے۔