یہودی آباد کارو ں نےبیت لحم کی مسجد پر اسرائیلی جھنڈا لہرا دیا
مسجد کے مرکزی دروازے پرتوڑپھوڑ گئی،چھت پربھی چڑھ گئے
بیت لحم (ویب نیوز) یہودی آباد کاروں نے بیت لحم کے مشرق میں واقع کیسان گائوں کی ایک مسجد پر اسرائیلی ریاست کا جھنڈا لہرا دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آباد کاروں کے ایک گروپ نے مسجد پر حملہ کرنے کی کوشش کی اور اس کے مرکزی دروازے پرتوڑپھوڑ کی۔ پھر مسجد کی چھت پر چڑھ گئے اور مسجد کے مینار پر اسرائیلی جھنڈا لہرا دیا۔کیسان گائوں کو قابض افواج کے تحفظ میں آباد کاروں کے بار بار حملوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے کیونکہ وہ کسانوں اور چرواہوں پر حملہ کرتے ہیں، شہریوں کو ان کی زمینوں تک رسائی سے روکتے ہیں اور اس کے بڑے علاقوں پر قبضہ کرتے ہیں۔اس کے علاوہ آباد کاروں نے قابض فوج کی حفاظت میں نابلس کے شمال مشرق میں واقع الباذان گائوں پر دھاوا بول دیا۔ آباد کاروں کی پانچ بسوں نے قابض فوج کے ہمراہ راس النبی کے علاقے پر دھاوا بول دیا جہاں یہ بسیں وادی اردن میں حمرہ فوجی چوکی سے آئی تھیں اور آباد کار نکلنے سے قبل تقریباً دو گھنٹے تک علاقے میں موجود رہے۔