کرنٹ اکاونٹ خسارہ کنٹرول نہ کیا تو ڈیفالٹ کر جائیں گے، مفتاح اسماعیل نے متنبہ کر دیا
رواں سال ملکی تجارتی خسارہ تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ہو گا، پاکستان اپنے تمام بین الاقوامی مالیاتی وعدوں کو پورا کرے گا
امیر افراد پر سپر ٹیکس لگایا ہے تو اتنی پریشانی کیوں ہے؟ امیروں کو آگے آ کر قربانی دینا ہو گی،وفاقی وزیر خزانہ کا ٹویٹ
اسلام آباد( ویب نیوز)
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کرنٹ اکاونٹ خسارہ کنٹرول نہ کیا تو ڈیفالٹ کر جائیں گے، رواں سال ملکی تجارتی خسارہ تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ہو گا، پاکستان اپنے تمام بین الاقوامی مالیاتی وعدوں کو پورا کرے گا، امیر افراد پر سپر ٹیکس لگایا ہے تو اتنی پریشانی کیوں ہے؟ امیروں کو آگے آ کر قربانی دینا ہو گی۔ اتوار کے ر وز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میںوزیر خزانہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے خسارے کے چار بجٹ دئیے ہیں، رواں سال پاکستان کا تجارتی خسارہ تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ہو گا۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ امیر افراد پر سپر ٹیکس لگایا ہے تو اتنی پریشانی کیوں ہے؟ ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا تو حکومت کو کیا کرنا چاہیے تھا؟ وزیراعظم کے بیٹوں کی فیکٹریوں پر سپر ٹیکس لگایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں نے اپنے کاروبار پر بھی بہت زیادہ ٹیکس لگایا، امیروں کو آگے آ کر قربانی دینا ہو گی، رواں سال پاکستان کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 8.6 فیصد ہو گا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب دنیا میں کم ترین تناسب میں سے ایک ہے، رواں سال پاکستان کا پرائمری خسارہ تقریبا 1600ارب روپے ہو گا۔