اسلام آباد (ویب نیوز)
ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید2 مریض انتقال کرگئے جبکہ شرح 3 فیصد کے قریب ریکارڈ کی گئی، دوسری جانب کورونا وبا کے کیسز میں دوبارہ اضافے کے سبب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں فیس ماسک کا استعمال دوبارہ لازمی قرار دے دیا۔قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں 13 ہزار 412 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 382افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت آنے کی شرح 2.85 فیصد رہی جبکہ وائرس میں مبتلا 2مریض انتقال کرگئے۔ این آئی ایچ کے مطابق کورونا کے 87 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ واضح رہے کہ ملک کے بڑے شہروں میں سب سے زیادہ کورونا کی شرح کراچی میں ریکارڈ کی جارہی ہے۔ دوسری جانب کورونا وبا کے کیسز میں دوبارہ اضافے کے سبب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں فیس ماسک کا استعمال دوبارہ لازمی قرار دے دیا۔ سول ایوی ایشن کے مطابق فیصلہ فوری نافذ العمل ہوگا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ کورونا سے متعلق دیگر گائیڈ لائنز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔