اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے ہوائی اڈوں پر غیر قانونی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی فوری طور پر ختم کرنے کاحکم دیا ہے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق ہوائی اڈوں پر مسافروں سے غیر قانونی طور پر وصول کی جانے والی پچاس ہزار روپے کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے حوالے سے شکایات پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے حکم دیا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو ہراساں کیاجانا فوری طور پر بند کیا جائے۔انہوں نے وزیر خزانہ کو معاملے کی فوری تحقیقات کرنے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے مسافروں کو پریشان کیا ہے ان کا اپنے عہدوں پر رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔وزیراعظم نے ہوائی اڈوں پر مسافروں سے وصول کردہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی فوری طور پر واپس کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔