تمام متعلقہ محکمے ہنگامی و ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اورضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، این ڈی ایم اے
اسلام آباد (ویب نیوز)
ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات بالخصوص راستوں، سڑکوں کی بندش کی صورت میں فوری اقدامات کئے جائیں،تمام متعلقہ محکمے ہنگامی و ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اورضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں جبکہ ہوا کا کم دباو شدت کیساتھ سندھ کے علاقوں میں داخل ہو گا جوکہ 13 تا 17 جو لائی تک جاری رہ سکتا ہے، این ڈی ایم اے نے وفاقی، صوبائی و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، جی بی ڈی ایم اے، ایس ڈی ایم اے، پی آئی ڈی اور انکے ماتحت محکموں کو چوکس رہنے اور کسی بھی قسم کی ہنگامی و ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کر نے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ محکموں کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی آلات و مشینری بشمول نکاسی آب کے لیے پمپ اور ایمرجنسی عملہ کی پہلے سے دستیابی اور تعیناتی یقینی بنائیں، تاکہ کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات بالخصوص راستوں، سڑکوں کی بندش کی صورت میں فوری اقدامات کئے جا سکیں۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نشیبی و سیلابی خطرے سے دوچار علاقہ مکینوں کا پہلے سے طے شدہ محفوظ مقامات پر انخلا یقینی بنائیں اور پناہ گاہوں میں خوراک و ادویات کی پیشگی دستیابی یقینی بنائیں۔ متعلقہ صوبائی و ضلعی محکمے مون سون بارشوں سے منسلک ممکنہ خطرات کے حوالے سے عوامی آگاہی کے لئے اقدامات اٹھائیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس کے ذریعے مسافروں اور سیاحوں کو موسمی حالات و راستوں کی صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھیں۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے غیر ضروری سفر اور نقل و حرکت سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔