پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار ہونگے،پی ٹی آئی کور کمیٹی کی توثیق
عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس،عام انتخابات کے لئے بھرپور تیاری کرنے اور بیانیہ جارحانہ انداز میں جاری رکھنے کا فیصلہ
عمران خان پنجاب میں الیکشن جیتنے پر خوش، اہلیہ سے خصوصی طور پر میٹھے چاول بنوا کر شرکا کی تواضع کی، مٹھائی بھی پیش کی
اسلام آباد(ویب نیوز)
چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں چوہدری پرویز الہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کی توثیق کی گئی،عام انتخابات کے لئے بھرپور تیاری کرنے کا فیصلہ ہوا جبکہ پی ٹی آئی کا اپنا بیانیہ جارحانہ انداز میں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پنجاب میں الیکشن جیتنے پر خوش نظر آئے، کور کمیٹی اجلاس کے موقع پر اہلیہ سے خصوصی طور پر میٹھے چاول بنوا کر شرکا کی تواضع کی، مٹھائی بھی پیش کی، ممبران نے پنجاب کے بعد سندھ کا رخ کرنے کا مشورہ بھی دے دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ اسلام آباد میں ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، حماد اظہر، شفقت محمود، عمر ایوب، یاسمین راشد سمیت پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے انتخابات میں پارٹی کی جیت کے بعد کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، عمران خان نے ممبران سے ہارے ہوئے حلقوں سے متعلق رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ ان حلقوں میں ری کاونٹنگ اور کمزوریوں پر خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے جو متعلقہ امیدواروں کی سیاسی اور قانونی رہنمائی کرے۔ عمران خان نے ممبران کور کمیٹی کے مشورے کے بعد سندھ میں بھرپور مہم جوئی کا فیصلہ کر لیا، سندھ بھر میں جلسوں اور پارٹی کی تنظیم سازی سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں میں تنظیموں کو فعال کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ عمران خان اور ممبران کور کمیٹی نے عوام کی جانب سے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرنے سمیت امریکہ کی غلامی قبول نہ کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں تحریک انصاف کی جانب سے چوہدری پرویز الہی کی مکمل حمایت اور ممبران اسمبلی اور تمام دیگر جماعتوں کے ممبران سے رابطے میں رہنے کی بھی ہدایات کی ہیں۔کور کمیٹی نے چوہدری پرویز الہی کو وزیر اعلیٰ بنانے کی توثیق کردی۔ اجلاس میں عام انتخابات کے لئے بھرپور تیاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پی ٹی آئی اپنا بیانیہ جارحانہ انداز میں جاری رکھے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے اہلیہ سے خصوصی طور پر میٹھے چاول بنوا کر شرکا کی تواضع کی اور مٹھائی بھی پیش کی۔