ملک میں مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آئے گا اور مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں کہ معیشت ٹھیک ہے
مہنگائی کی وجہ یہ ہے کہ مارکیٹ کو ان پر اعتبار نہیں ،ملکی معاشی صورتحال کی بہتری کا حل صرف صاف اور شفاف انتخابات ہیں،پریس کانفرنس
کراچی (ویب نیوز)
سابق وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شوکت ترین نے مفتاح اسماعیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آئے گا اور آپ کہہ رہے ہیں کہ معیشت ٹھیک ہے۔حکومتی د عووں کے باوجود مارکیٹ میں استحکام نہیں،مہنگائی کی وجہ یہ ہے کہ مارکیٹ کو ان پر اعتبار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں پی ٹی آئی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے آپ کو لاٹھی ماری تو آپ نے 450 ارب روپے کے ٹیکس لگا دیے، مفتاح صاحب، پلٹ تیرا دھیان کدھر ہے۔ مفتاح اسماعیل نے دوست ممالک کی پیشکش کے بارے میں ذکر کیا، موجودہ حکومت نے دوست ممالک سے ڈالر لینے کا دعوی کیا، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل ہو گئی، آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد روپیہ مستحکم ہو جاتا تھا لیکن ان کے دعووں کے باوجود مارکیٹ میں استحکام نہیں ہے۔سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ سب کو بیوقوف بنا سکتے ہیں مگر مارکیٹ کو نہیں، یہ تمام تر معاشی حالات صرف سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آئے گا اور مفتاح اسماعیل کہتے ہیں کہ معیشت ٹھیک ہے، روپیہ گر رہا ہے، مہنگائی کی وجہ یہ ہے کہ مارکیٹ کو ان پر اعتبار نہیں ہے۔شوکت ترین نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال کی بہتری کا حل صرف صاف اور شفاف الیکشن ہیں۔