چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والوں کو ناکامی ہوگی، عوامی مینڈنٹ کو نقب لگانے کی کوئی کوشش قبول نہیں،پرویز الہیٰ
ان کا خیال ہے کسی طرح پنجاب اسمبلی اجلاس کو ملتوی کرا دیں گے تو یہ نہیں ہو سکتا،شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس
لاہور( ویب نیوز)
تحریک انصاف اور ق لیگ کے بڑوں کی بیٹھک، وزیراعلیٰ کے انتخابات کیلئے حکمت عملی پر مشاورت کی گئی،نامزد امیدوار پرویز الہیٰ نے کہا کہ چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والوں کو ناکامی ہوگی، عوامی مینڈنٹ کو نقب لگانے کی کوئی کوشش قبول نہیں، میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے کسی طرح پنجاب اسمبلی اجلاس کو ملتوی کرا دیں گے تو یہ نہیں ہو سکتا، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے جمعہ ہونے والے انتخاب کے سلسلے میں تحریک انصاف اور ق لیگ کے بڑوں کی مشاورتی بیٹھک ہوئی ، جس میں پرویز الہی ، اسد عمر، شاہ محمود قریشی ، شفقت محمود ، فرخ حبیب ، راجہ بشارت، سبطین خان ، میاں محمود الرشید، اسلم اقبال شریک ہوئے۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کے اراکین کی حاضری پر اظہار اطمینان کیا گیا اور وزیر اعلی پنجاب کے ا لیکشن ڈے کی حکمت عملی پرمشاورت بھی ہوئی۔اس موقع پر چوہدری پرویزالہی کا کہنا تھا کہ چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والوں کو ناکامی ہوگی، ضمنی انتخاب میں عوام نے عمران خان پر اعتماد کیا، عوامی مینڈنٹ کو نقب لگانے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔اسد عمر نے کہا کہ ایک ایک ووٹ پر پہرہ دیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے، عمران خان کا کوئی ساتھی بکاو مال نہیں ہے، پنجاب میں پرویز الہی وزیر اعلی منتخب ہوں گے۔ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنجا ب کی وزارت اعلی کے لئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، آصف زرداری نوٹوں کے تھیلے لیکر پنجاب میں موجود ہیں، لیکن تمام ارکان پنجاب اسمبلی پارٹی کے نامزد امیدوار کو ووٹ دیں گے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کا بیان ان کی قیادت کے بیان کی نفی ہے، رانا ثنا اللہ کے پاس ضمیر خریدنے کی مہارت ہے، پہلے بھی 25 ضمیر خرید چکے ہیں اور سینیٹ میں پیسوں سے یوسف رضاگیلانی کو منتخب کرایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ لیکشن میں عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے اور پنجاب کی عوام نے عمران خان کے موقف کی تائید کی ہے۔ مسلم لیگ ن نے ضمنی الیکشن میں پیسہ چلایا لیکن لوگوں نے اسے مسترد کیا جبکہ ہماری حکومت کو سازش اور مداخلت کے ساتھ ختم کر دیا گیا۔ عمران خان کے کہنے پر ووٹر گھروں سے نکلا اسی لیے 50 فیصد ٹرن آٹ رہا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے بہت سے لوگوں نے پیسہ چلایا لیکن کام نہیں آیا اور سندھ میں الیکشن سے پہلے واضح ہو گیا تھا کہ پی ٹی آئی جیت رہی ہے تو الیکشن ملتوی کر دیا۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا خیال ہے کسی طرح اجلاس کو ملتوی کرا دیں گے تو یہ نہیں ہو سکتا۔ میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ پرانا پاکستان اب دفن ہوتا جارہا ہے، مصنوعی نظام کے دن پورے ہوتے جارہے ہیں۔ اسد عمر نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن سیاست میں فریق بن چکا ہے، جو الیکشن کروارہا ہے اس پر قوم کا اعتماد ضروری ہے، 3 دن پہلے بارش کو جواز بناکر بلدیاتی الیکشن کو ملتوی کردیا گیا۔ اسد عمر نے کہا کہ فضل الرحمان کو چھپنے کیلئے کوئی جگہ نہیں مل رہی، پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے فارن فنڈنگ کا فیصلہ اکٹھے سنایا جائے۔