لیول پلئینگ فیلڈ  کے لیے فوری  موثر عملی اقدامات کئے جائیں۔ترجمان  تحریک انصاف

اسلام آباد (ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف نے  الیکشن کمیشن سے ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے مثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے نگران حکومت کو لیول پلئینگ فیلڈ کے حوالے سے لکھے گئے خطوط ناکافی قرار دے دیئے ۔ پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مراسلہ بازی سے کہیں آگے بڑھ کر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، جب کہ تحریکِ انصاف کے خلاف جبر و انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ بلاروک ٹوک جاری ہے۔ چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان  سے مطالبہ ہے کہ وہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے عام انتخابات سے قبل لیول پلئینگ فیلڈ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر موثر عملی اقدامات کرے اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ کارکنان کے خلاف جاری جبر کے سسلے کو فوری طور پر بند کیا جائے۔ وفاقی اور صوبائی نگراں حکومتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ کے حوالے سے  لکھے گئے خطوط کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن کو مراسلہ بازی سے کہیں آگے بڑھ کر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔تحریکِ انصاف کے ترجمان نے نشاندہی کی کہ ملک اس وقت دستوری اور قانونی انحراف کی لپیٹ میں ہے، آج بھی تحریک انصاف کوپرامن سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ترجمان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن محض زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھے اور آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کیلئے قابلِ بھروسہ اقدامات اٹھائے۔ترجمان تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جبری طور پر لاپتہ کرنے اور بعد میں انہیں پارٹی چھوڑنے پر مجبور کرنے کا عمل بلا روک ٹوک جاری ہے اور پی ٹی آئی کارکنوں کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو انتخابات سے جبراً باہر کرنے کے  منصوبے زبان زدِ عام ہیں۔میڈیا پر عمران خان سمیت بیشتر سیاسی قیادت کے بیانات کی تشہیرواشاعت اور پریس کانفرنسزکی کوریج پر پابندی عائد ہے۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف کی جیلوں میں قید بیشتر قیادت کو بغیر کسی جرم کے بند رکھا گیا ہے اور رہا نہیں کیا جا رہا۔ترجمان تحریکِ انصاف نے یہ دعوی بھی کیا کہ پارٹی کے بیشتر رہنماؤں کو پارٹی سے دور رکھنے کی کوششیں جاری ہیں لہذا انتخابی ادارے کو چاہیئے کہ زبانی جمع خرچ اور خطوط بھیجنے سے آگے بڑھ کر اپنے آئینی اور قانونی اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے موثر عملی اقدامات کے زریعے ملک میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔