ملک بھر کے علماء و مشائخ اور پاکستان علماء کونسل کی حکومت اور تحریک انصاف کی قیادت سے مذاکرات کی اپیل

لاہور  (ویب نیوز)

ملک بھر کے علماء و مشائخ اور پاکستان علماء کونسل نے حکومت اور تحریک انصاف کی قیادت سے مذاکرات کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کے حالات کا تقاضا ہے کہ تحریک انصاف اور حکومت فوری طور پر مذاکرات کریں۔ لانگ مارچ سمیت تمام امور کو تشدد کی بجائے مذاکرات اور مفاہمت سے حل کریں۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمو داشرفی، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد خان لغاری، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ طاہر الحسن، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا ابو بکر حمید صابری، مولانا طاہرعقیل اعوان، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا مفتی عبد الستاراور دیگر نے ایک مشترکہ بیان میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور عمران خان سے اپیل کی ہے کہ ملک میں اس وقت جو صورتحال ہے اس کا تقاضا ہے کہ طوری طور پر حکومت اور تحریک انصاف مذاکرات کریں۔ لانگ مارچ سمیت تمام امور کو صبر و تحمل سے حل کریں اور تشدد سے گریز کریں اور عدالت عظمیٰ کے احکامات کے مطابق باہمی مفاہمت سے مسائل کو حل کریں۔