مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر لوگ میرے کنٹرول میں نہیں رہیں گے، عمران خان

وزیراعلیٰ کیلئے تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں،اس لیے چوری کے پیسے سے عوامی مینڈیٹ چوری کیا تو پھر میں ذمہ دار نہیں ہوں گا

ڈالر اوپر جا رہا ہے، روپیہ نیچے جا رہا ہے، یہ دانت نکال رہے ہیں، احتجاجی مظاہرے سے خطاب

لاہور( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سکندر سلطان جیسا بددیانت چیف الیکشن کمشنر نہیں دیکھا، اگر انہوں نے مینڈیٹ چوری کیا تو پھر لوگ میرے کنٹرول میں نہیں رہیں گے، قوم کو کہتا ہوں اگر مینڈیٹ چوری ہوا تو خاموش نہیں رہنا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کیخلاف اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے  کہا کہ ضمنی الیکشن 13پارٹیوں، انتظامیہ، الیکشن کمیشن کے خلاف لڑا، جس طرح الیکشن کمیشن نے الیکشن کرایا ان کو سزا دینی چاہیے، الیکشن کمیشن نے ہر حربہ استعمال کیا، سکندر سلطان جیسا بددیانت چیف الیکشن کمشنر نہیں دیکھا، ڈسکہ الیکشن اس نے ہروایا، سینیٹ الیکشن کے خلاف ہم سپریم کورٹ گئے، سپریم کورٹ نے رولنگ دی جو بھی ووٹ ڈالا جائے اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس الیکشن کمشنر نے ووٹوں کی تصدیق کی اجازت نہیں دی، پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ پیسہ سینیٹ الیکشن میں چلا، یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پیسے دیتے پکڑا گیا، ہم چیف الیکشن کمشنر کے پاس گئے تو یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا، ضمنی الیکشن میں پولیس کو استعمال کیا گیا، ریاست کی تمام مشینری کے باوجود قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں جس طرح خواتین باہر نکلیں سلام پیش کرتا ہوں، اسٹیبلشمنٹ جس کی مدد کرے وہ جیتے وہ دن چلے گئے ہیں، ای وی ایم مشین کے ذریعے دھاندلی نہیں ہوسکتی، اڑھائی سال سے میری حکومت نے ای وی ایم مشین لانے کا پورا زور لگایا، دو جماعتیں جو مافیا ہے انہوں نے ای وی ایم کی مخالفت کی، مظفر گڑھ، راولپنڈی میں الیکشن نتائج میں تاخیر کی گئی، ای وی ایم میں الیکشن نتائج میں تاخیر نہیں ہوتی۔  انہوں نے کہا کہ صاف اورشفاف الیکشن کے لیے ہم ای وی ایم لانے کی بات کر رہے تھے، ضمنی الیکشن میں جس طرح قوم کھڑی ہوئی سب کو سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں، اب قوم حقیقی آزادی کی طرف نکل گئی ہے، اس وقت آصف زرداری، شہباز شریف، فضل الرحمان تھری اسٹوجز پیسہ چلانے لگے ہیں،  آج (جمعہ) پنجاب کے چیف منسٹر کا فیصلہ ہوگا، سب کو پتا ہے تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، پہلے سندھ ہاوس میں انہوں نے سازش کا حصہ بن کر ہماری حکومت گرائی، سندھ ہاوس میں انہوں نے بے ضمیر لوگوں کو خریدا، افسوس سے کہنا پڑتا ہے اتحادیوں نے پہلے فائدہ اٹھایا اور پھر ادھر چلے گئے، مسلم لیگ  ن کے رہنما میاں جاوید لطیف بھی کہہ رہے ہیں انہیں ہینڈلر نے دھکا دیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اتحادیوں نے زیادہ تر ہمیں بلیک میل کیا، اتحادی ہمیشہ اپنی قیمت لگا دیتے تھے فلاں فنڈ چاہیے، اتحادیوں نے اپنے حلقے اور آئین سے غداری کی، تب بھی زرداری سب سے آگے تھا، ساری قوم کے سامنے کھل کر زرداری پیسے دے رہا ہے، مجھے افسوس ہے جب لوگوں کو خریدا گیا تب کوئی عدالت نہیں کھلی، اب بھی سب کے سامنے پیسہ چل رہا ہے، آصف زرداری 30 سال سے چوری کر رہا ہے، نواز شریف، شہباز شریف نے دو دفعہ زرداری کو کرپشن کی وجہ سے جیل میں ڈالا تھا، آصف زرداری کو مسٹر 10 پرسنٹ کہا جاتا ہے، نواز شریف، شہباز شریف، زرداری کی کرپشن پر عالمی اخبارات میں بھی خبریں لگیں۔ عمران خان نے کہا کہ آج یہ کہنا چاہتا ہوں ان کو ساڑھے تین سال بچایا گیا ہے، جن کے پاس پاور تھی میں بے بس تھا انہوں نے ان کا احتساب نہیں ہونے دیا، بچایا گیا، ہم بے بس ہوکر دیکھ رہے تھے کبھی کمر میں درد، کبھی جج تبدیل ہوجاتا تھا، ان کے خلاف کیسز پچھلی حکومتوں میں بنے تھے، نیب ہمارے ہاتھ میں نہیں تھی، نیب کب جیل ڈالتی کب رہا کرتی تھی گالیاں ہمیں پڑتی تھیں، یہ پچھلے 35 سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، ان لوگوں کو بچایا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ  ضمنی الیکشن میں ہمیں ہرانے کی کوشش کی گئی، زرداری چوڑا ہوکر پھرتا ہے، زرداری جیسا شخص اس ملک کی توہین ہے، زرداری نے بے دردی کے ساتھ سندھ کو لوٹا، پاکستان کے فنانشنل ہب میں ان چوروں کو بٹھایا ہوا ہے، انہوں نے قوم کو بھیڑ، بکریاں سمجھا ہوا ہے۔  اگر انہوں نے چوری کے پیسے سے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا تو تمام اداروں کو وارننگ دے رہا ہوں، تمام اسٹرگل قانون کے دائرے میں رہی، انشا اللہ پنجاب میں ہماری حکومت آئے، جن افسران نے بچوں، خواتین پر ظلم کیا انہیں بھولیں گے نہیں، اگر پیسے لیکر لوگوں کو خریدا گیا تو پھر ملک سری لنکا کی طرف جائے گا، پھر کوئی کنٹرول نہیں کرسکے گا، ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا ہے، اگر انہوں نے مینڈیٹ چوری کیا تو پھرلوگ میرے کنٹرول میں نہیں رہیں گے، یہ قوم جاگی ہوئی ہے، زرداری جیسے لوگ چھپتے پھریں گے، اتحادیوں کی میٹنگ میں یہ دانت نکال رہے تھے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج ڈالر کدھر چلا گیا ہے یہ دانت نکال رہے ہیں، ڈالر میں اضافہ ہونے سے ان کی دولت میں اضافہ ہورہا ہے، اگر مینڈیٹ چوری ہوا تو پھرقوم نے چپ کرکے نہیں بیٹھنا، ایک ممبر کو انہوں نے کروڑوں روپے دے کر ترکیہ بھجوا دیا ہے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، اگر واقعی ووٹ کو عزت دی گئی تو اللہ کا شکرادا کریں گے اور جشن منائیں گے، قوم خاموش بیٹھی رہے گی، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، قوم کوکہتا ہوں اگر مینڈیٹ چوری ہوا تو خاموش نہیں رہنا۔