پنجاب کے 3حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری
این اے 157 ملتان، پی پی 139 شیخوپورہ اور پی پی 241 بہاولنگر میں ضمنی الیکشن 11 ستمبر ہوگا،الیکشن کمیشن
اسلام آباد(ویب نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے تین حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔ این اے 157 ملتان، پی پی 139 شیخوپورہ اور پی پی 241 بہاولنگر میں ضمنی الیکشن 11 ستمبر ہوگا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ این اے 157 ملتان، پی پی 139 شیخوپورہ اور پی پی 241 بہاولنگر میں ضمنی الیکشن 11 ستمبر ہوگا، این اے 157 ملتان کے لیے طیب زوار بخاری کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح پی پی 139 کے لیے باسل اکرم کو جبکہ پی پی 241 بہاولنگر کے لیے محمد عرفان کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوار 3 سے 5 اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے، 6 اگست کو امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 11 اگست ہے جبکہ 24 اگست تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ان ضمنی انتخابات کے سلسلے میں 25 اگست کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔