برطانیہ میں خیرات کیلئے جمع رقم پی ٹی آئی کو منتقل کئے جانے کا انکشاف
ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی نے پی ٹی آئی کے لیے خیرات کے نام پر رقم اکٹھاکی،برطانوی اخبار
برطانیہ میں ٹی ٹوینٹی میچ کروائے گئے، اس کے علاوہ مختلف ذرائع سے حاصل کی جانے والی رقم پی ٹی آئی کو منتقل کی گئی،فنانشنل ٹائمز کی رپورٹ
لندن(ویب نیوز)
برطانیہ میں خیرات کے لیے جمع کی جانے والی رقم پی ٹی آئی کو منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔برطانوی اخبار”فنانشنل ٹائمز” کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی نے پی ٹی آئی کے لیے خیرات کے نام پر رقم اکٹھاکی، برطانیہ میں ٹی ٹوئنٹی میچ کروائے گئے، اس کے علاوہ مختلف ذرائع سے حاصل کی جانے والی رقم پی ٹی آئی کو منتقل کی گئی۔فنانشنل ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عارف نقوی نے کیمن آئی لینڈ میں شامل کمپنی ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کو پاکستان تحریک انصاف کے بینک رول کے لیے استعمال کیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے چندہ ملنے کی تصدیق کی گئی لیکن کہا کہ انہیں رقم کے ذرائع کا علم نہیں۔دوسری جانب جنوری میں الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو ووٹن کرکٹ کلب سے 1.12ملین ڈالر منتقل کیے گئے لیکن پی ٹی آئی نے پیسے کے ذرائع نہیں بتائے۔ عارف نقوی نے ووٹن کرکٹ کلب کا مالک ہونا تسلیم کیا ہے لیکن کسی غلط کام کرنے کی تردید کی ہے۔الیکشن کمیشن کو جمع کروائے گئے ایک بیان میں عارف نقوی نے کہا کہ انہوں نے کسی غیر پاکستانی شخص یا کمپنی کی کسی ممنوعہ ذریعے سے رقم حاصل نہیں کی۔تاہم ووٹن کرکٹ کے بینک اسٹیٹمنٹ سے الگ کہانی سامنے آتی ہے، 2013میں عارف نقوی نے تین حصے میں تحریک انصاف کو 2.12ملین ڈالر منتقل کیے، ابراج گروپ کی طرف سے منتقل کی گئی سب سے بڑی رقم 1.3ملین ڈالر تھی۔کمپنی کی دستاویز کے مطابق یہ رقم ووٹن کرکٹ کو کے الیکٹرک سے منتقل کی گئی۔