یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر پاکستان کو تشویش ہے، عالمی برادری نوٹس لے،دفتر خارجہ

احتجاجا پاکستان شطرنج مقابلے میں شرکت نہیں کرے گا، بھارت نے صحت مند سرگرمیوں کو اپنی سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی

 ہم بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے بے بنیاد متعصبانہ ردعمل کی بھر پور مذمت اور مسترد کرتے ہیں، عاصم افتخار کی ہفتہ وار بریفنگ

اسلام آباد (ویب نیوز)

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ کشمیری رہنما یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر پاکستان کو تشویش ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔  احتجاجا پاکستان شطرنج اولمپیاڈ میں شرکت نہیں کرے گا، بھارت نے صحت مند سرگرمیوں کو اپنی سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی ، ہم بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے بے بنیاد متعصبانہ ردعمل کی بھر پور مذمت اور مسترد کرتے ہیں۔یہ بات انھوں نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہی۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا بھارت نے جموں کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے، سی پیک پر بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ہم بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے بے بنیاد متعصبانہ ردعمل کو مسترد کرتے ہیں، یہ بیان بھارت کی جانب سے جنوبی ایشیا میں سی پیک کی شکل میں جاری  سوشیو اکنامک ایجنڈا کے خلاف جاری ناکام کوشیشوں کا حصہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کشمیری اپنے حق خود ارادیت کی جدوجہد کررہے ہیں اور بھارت نے انکے حقوق غصب کر رکھے ہیں، پاکستان عالمی برادری ر زور دیتا ہے کہ وہ یاسین ملک سمیت تمام قدیوں کے ساتھ جاری ناروا سلوک کا نوٹس لے۔ ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے گئے ہیں جہاں وہ افغانستان کی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات کرینگے۔ اجلاس میں کورونا کے باعث افراط زر میں اضافہ، غربت میں اضافہ اور پیداوار میں کمی کا جائزہ لیا گیا، وزیر خارجہ نے چین،روس،قازقستان ، کرغیزستان ، تاجکستان سمیت متعدد ممالک کے ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔  تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سائڈ لائنز پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات ہوئی جس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے افغانستان میں آنے والے حالیہ زلزلے پر افغان عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ترجمان نے بتایا کہ  وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے ڈی ایٹ اجلاس بنگلہ دیش میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے علاقائی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا، سی پیک کی صورت میں جیو اکنامک ایسٹ کو جلد جیو اکنامک منافع میں تبدیل ہونے کی نشاندہی کی۔  ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ چنائی میں شطرنج اولمپیاڈ کے لیے ٹارچ جو مقبوضہ کشمیر کے متنازع علاقے سے گزارے اس کو مسترد کرتے ہیں، احتجاج کے طور پر پاکستان شطرنج اولمپیاڈ میں شرکت نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے جان بوجھ کر ایک صحت مند سرگرمیوں کو اپنی سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی۔