پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں

جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر کی ملاقات،دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی ،علاقائی سلامتی اور سی پیک پر پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال

راولپنڈی (ویب نیوز)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات، باہمی دلچسپی، دفاعی تعاون سمیت سی پیک پر پیش رفت اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان چین کیساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، عالمی اور علاقائی امور میں چین کے کردار کو اہمیت دیتے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیشرفت اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں، آرمی چیف  نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لئے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لئے پرعزم ہے، ملاقات کے دوران چینی سفیر نے پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی اہلکاروں کے لئے محفوظ ماحول کی فراہمی اور علاقائی استحکام کی کوششوں کے لئے کئے گئے خصوصی اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔