مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی دہشت گردی ، ایک اور کشمیری نوجوان شہید
شمالی کشمیرمیں فوجی آپریشن،موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل،کئی علاقے فوجی محاصرے میں ،کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریاں

سرینگر( ویب نیوز  )

مقبوضہ جمو ں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران ہفتہ ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے۔شمالی کشمیر کے علاقے میں نام نہاد فوجی آپریشن جاری رہا، کئی علاقو ں میں تلاشی کارروائیوں کے دوران بھارتی فوج نے گرفتاریاں بھی عمل میںلائیں،کے پی آئی کے مطابق   شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے وانی گام بالا علاقے کا بھارتی فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے ہفتے کی علی الصبح محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا،اس دوران ایک نوجوان کومحاصرہ اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔ انتظامیہ نے علاقے میں موبائل فون انٹرنٹ سروس بھی معطل کردی ہے۔قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں دو بھارتی فوجی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا تھاـقابض فوجی ترجمان نے دعوی کیا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا،علاقے میں آخری اطلاع ملنے تک تلاشی آپریشن جاری تھا،علاوہ ازیں شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ سے2 بے گناہ کشمیری نوجوانوںکو گرفتار کرلیا گیا پولیس نے طالب احمد شیخ اور شمیم احمد نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے لادر وان سے گرفتار کیاہے۔ پولیس نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جوا ز پیش کرنے کیلئے انہیں مجاہد تنظیم کا کارکن قراردیدیا ہے