نئی دہلی (ویب نیوز)

تہاڑ جیل میں قید جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین محمد یاسین ملک کی طرف سے بھارتی عدالتی ناانصافیوں کے خلاف بھوک ہڑتال پانچویں روز بھی جاری رہی۔ پارٹی ترجمان کے مطابق گذشتہ روز بھارتی ڈی جی جیلخانہ جات نے یاسین ملک سے ملاقات کی  اور بھوک ہڑتال ختم کرنے پر زور دیا لیکن انہوں نے اپنے جائز، قانونی اور انصاف پر مبنی مطالبات دہراتے ہوئے بھوک ہڑتال جاری رکھی۔ترجمان  کے مطابق  بھوک ہڑتال کے پانچویں روز یاسین ملک کی حالت غیر ہونے انہیںبارک نمبر7  سے تہاڑ جیل کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں زبردستی ڈرپ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ترجمان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے اقوام عالم بالخصوص اقوام متحدہ سمیت عالمی طاقتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور علمبرداروں سے فوری مداخلت کی اپیل کی تاکہ یاسین ملک جیسے نامور عوامی رہنما کی قیمتی جان بچائی جا سکے۔