پنجاب اسمبلی میں چیف الیکشن کمشنراور ممبران کے فوری مستعفیٰ ہونے کی قرار داد منظور
پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کی مذمت کرتے ہیں، ایوان چیف الیکشن کمشنر اور ان کے ممبران پر عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہے،قرار داد
پنجاب اسمبلی نے اختیارات دوبارہ سیکرٹری اسمبلی کو تفویض کرنے کا بل پاس کرنے کی قرار داد بھی کثرت رائے سے منظور کر لی
لاہور (ویب نیوز)
پنجاب اسمبلی میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے فوری مستعفی کے مطالبے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ علی عباس کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی، قرارداد کے متن کے مطابق عالمی سازش کے تحت تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کی مذمت کی گئی۔قرارداد میں کہا گیا کہ ابتر سیاسی صورتحال، مہنگائی اور ملک کو معاشی بدحالی سے نکالنے کا واحد حل الیکشن ہے، ایوان چیف الیکشن کمشنر اور ان کے ممبران پر عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔قرار داد کے متن میں ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں شفاف انتخابات کے لئے متفقہ طور پر اقدامات کریں۔قرار داد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر ممبران الیکشن کمیشن فوری طور پر مستعفی ہوجائیں، تاکہ متفقہ طور پر نئے الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر ممبران الیکشن کمیشن کے مستعفی ہونے کی قرارداد ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لی۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی نے اختیارات دوبارہ سیکرٹری اسمبلی کو تفویض کرنے کا بل پاس کرنے کی قرار داد منظور کر لی، سیکرٹری قانون کو دئیے گئے پنجاب اسمبلی کے اختیارات دوبارہ سیکرٹری اسمبلی کو دینے کا بل منظور کر لیا گیا۔