عمران خان کی صوبے میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت

 پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، چیئرمین تحریک انصاف کی گفتگو

سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے انتظامیہ متحرک  ، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 8، 8 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے،چوہدری پرویز الہیٰ

لاہور (ویب نیوز)

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الہی نے ملاقات کی ہے۔ عمران خان نے صوبے میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان وزیر اعلی آفس پہنچ گئے جہاں وزیر اعلی ٰپنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے ان کا خیر مقدم کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔اس موقع پرعمران خان نے پنجاب سے حمزہ شہباز کی حکومت کے خاتمے پر چوہدری پرویز الہی اور مونس الہی کو مبارکباد دی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کے خلاف بھرپور موقف پر کھڑا رہنے پر عمران خان کی سیاسی بصیرت کو سراہا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہی نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کئے گئے حکومتی اقدامات سے عمران خان آگاہ کیا۔ عمران خان نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے انتظامیہ اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 8، 8 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔