آئندہ 6 سے 8 ہفتوں میں عام انتخابات کا اعلان ہو سکتا ہے،عمران خان

25مئی کو جنہوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا قانون ان کے حوالے سے راستہ اختیار کرے گا

مجھے پتہ ہے جن لوگوں نے ہمارے ساتھ دو نمبر ی کی مگر میں سب کے سامنے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا

ارکان اسمبلی عوامی سطح پر لوگوں کی خدمت کریں، تنظیم سازی مکمل کی جائیں تاکہ انتخاب میں بھرپور انداز میں جائیں

چیئرمین پی ٹی آئی سے اراکین اسمبلی کی ملاقات، نئے انتخابات کی تیاری کا ٹاسک دے دیا

عمران خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو دو ہفتوں میں پنجاب میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت

لاہور(ویب  نیوز)

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اراکین اسمبلی کو نئے انتخابات کی تیاری کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 6 سے 8 ہفتوں میں عام انتخابات کا اعلان ہو سکتا ہے، ارکان اسمبلی عوامی سطح پر لوگوں کی خدمت کریں، تنظیم سازی مکمل کی جائیں تاکہ انتخاب میں بھرپور انداز میں جائیں،25مئی کو جنہوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا قانون ان کے حوالے سے راستہ اختیار کرے گا، مجھے پتہ ہے جن لوگوں نے ہمارے ساتھ دو نمبر ی کی مگر میں سب کے سامنے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے لاہور ڈویژن کے ارکان اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہی بھی شریک تھے۔ملاقات میں سید عباس علی شاہ اور انتظامی آفیسرز بھی شریک ہوئے جبکہ ملاقات میں مخصوص نشستوں پر منتخب خواتین اور اقلیتی ارکان نے بھی شرکت کی۔ پنجاب میں پی ٹی آئی کی دوبارہ حکومت بننے پر ارکان اسمبلی نے عمران خان کو مبارکباد دی۔اس موقع پر سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں غیر جمہوری، غیر قانونی حکومت کا خاتمہ ہوا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے سابق حکومت کے ہر ظلم کا بھی مقابلہ کیا ہے، ارکان اسمبلی عوامی سطح پر اب ڈلیور کریں۔عمران خان سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں عمران خان نے اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر سبطین خان کو مبارکباد دی جس پر سبطین خان نے ذمہ داری کے لئے اعتماد کرنے پر عمران خان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔عمران خان سے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔پارٹی کے سینئر رہنما شفقت محمود نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کی، ملاقات میں شفقت محمود نے سابق حکومت کے انتقامی مقدمات کے بارے میں قائم کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔ عمران خان سے آئی جی پنجاب پولیس کی ملاقات بھی ہوئی جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے ارکین اسمبلی کو نئے انتخابات کی تیاری کا ٹاسک دے دیا ہے۔  عمران خان نے کہا کہ چھ سے آٹھ ہفتوں میں آئندہ عام انتخابات کا  اعلان ہو سکتا ہے۔ اراکین اسمبلی اور پارٹی تنظیمیں انتخابات کی تیاری کریں اور لائحہ عمل تیار کرلیں۔ عمران خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو دو ہفتوں میں پنجاب میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم سازی مکمل کی جائیں تاکہ انتخاب میں بھرپور انداز میں جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ25مئی کو جنہوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا قانون ان کے حوالے سے راستہ اختیار کرے گا، مجھے پتہ ہے جن لوگوں نے ہمارے ساتھ دو نمبر ی کی مگر میں سب کے سامنے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی نے اپنی اپنی آرا بھی پیش کیں۔