اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان کو سعودی عرب سے موخر ادائیگی پر تیل کی اضافی سہولت ملنے کا امکان ہے اور تیل کی سہولت 1.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.4 ارب ڈالر ہونے کا بھی امکان ہے۔حکام وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، کیوں کہ سعودی عرب نے پاکستان کو موخر ادائیگی پر تیل کی اضافی سہولت دینے کی حامی بھرلی ہے۔وزارت خزانہ حکام نے کہا ہے کہ برادر ملک نے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا تاہم اس حوالے سے اعلان وہ خود کریں گے۔حکام وزارت خزانہ نے بتایا کہ تیل کی سہولت 1.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.4 ارب ڈالر ہونے کا امکان ہے۔وزارت خزانہ حکام کے مطابق چین بھی اب تک 4.3 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کر چکا ہے، جس میں 2.3 ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ اور 2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس شامل ہیں۔ اس وقت پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے ماہانہ 10 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل فراہم کیا جارہا ہے، اور اگر پیکج میں توسیع ہوجاتی ہے تو پاکستان کو ماہانہ 30 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل فراہم کیا جائے گا۔