ٹرانسپورٹرز پر ناجائز انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں ظالمانہ اضافہ فوری واپس لیا جائے، چیئرمین بس یونین

 

 

کوئٹہ (ویب نیوز)

بلوچستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے تیسرے روز ٹرانسپورٹرز نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ لکپاس، کوئٹہ سے چمن، لورالائی اور ژوب روڈ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لئے بند کر دیا۔آل پاکستان بس یونین اور دیگر ٹرانسپورٹ یونینز نے احتجاجا قومی شاہراہیں بند کیں، ٹرانسپورٹرز نے مطالبات کے حل تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ ہے کہ غیر قانونی چیک پوسٹوں کے خاتمے سمیت ٹول ٹیکس اور دیگر ٹیکسز کسی صورت منظور نہیں۔چیئرمین آل پاکستان بس یونین عتیق خان کاکڑ کے مطابق ٹرانسپورٹرز پر ناجائز انکم ٹیکس، ویلیو انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں ظالمانہ اضافہ فوری واپس لیا جائے، بلوچستان سمیت ملک بھر میں ناجائز ٹول پلازے فوری طور پر ختم کئے جائیں جبکہ تفتان روڈ، کوئٹہ گوادر پنجگور روڈ، سندھ بلوچستان روٹس پر کسٹم،ایکسائز اور دیگر اداروں کی غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کیا جائے۔قومی شاہراہیں ٹریفک کے لئے بند ہونے کی وجہ سے چھوٹی اوربڑی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔