مریم نواز کی مسلم لیگ ن کے قائدین کو ممنوعہ فنڈنگ کا معاملہ نمایاں کرنے کی ہدایت

 لیگی وزرا ء اور پارٹی رہنمائوں کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں ،مہم کی نگرانی خود مریم نواز کریں گی

شیڈول کے مطابق تمام قائدین روزانہ کی بنیاد پر پریس کانفرنس میں ممنوعہ فنڈنگ کو نمایاں کریں گے، ذرائع

نواز شریف کی ہدایت پر پارٹی کو فعال کرنے کے لیے ملک بھر میں ورکرز کنونشن بھی منعقد کیے جائیں گے جن سے مریم نواز خطاب کریں گی

لاہور (ویب  نیوز) مسلم لیگ( ن )کے پارٹی قائد نواز شریف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس اور عمران خان کے خلاف پارٹی سے متعلق مریم نواز کو اہم ذمہ داریاں سونپ دیں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قائد کی طرف سے ذمہ داری ملنے کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز متحرک ہو گئی ہیں۔مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے قائدین رہنمائوں اور کارکنوں کو ممنوعہ فنڈنگ کے معاملہ کو زیادہ سے زیادہ نمایاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے مریم نواز کی جانب سے لیگی وزرا ء اور پارٹی رہنمائوں کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں اور مہم کی نگرانی خود مریم نواز کریں گی۔مریم نواز کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق تمام قائدین روزانہ کی بنیاد پر پریس کانفرنس میں ممنوعہ فنڈنگ کو نمایاں کریں گے۔ پریس کانفرنسز میں عمران دور حکومت کی کرپشن اور مہنگائی کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ عمران خان کو ہدف تنقید بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پارٹی قائد کی ہدایت پر پارٹی کو فعال کرنے کے لیے ملک بھر میں ورکرز کنونشن بھی منعقد کیے جائیں گے جن سے مریم نواز خطاب کریں گی۔ مریم نواز نے ورکرز کنونشنز کے لیے پارٹی کو شیڈول تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی عمران خان مخا لف مہم کو تیز کیا جائے گا۔