قبلہ اول کے تقدس کو پامال کیا گیا، عالمی برادری اسرائیلی جارحیت اور خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے فوری اقدام کرے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان نے اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصی پر حملے کی شدید ترین مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی اشتعال انگیز اقدام سے قبلہ اول کے تقدس کو پامال کیا گیا ،مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی، قبلہ اول کے تقدس کو پامال کیا گیا،عالمی برادری اسرائیلی جارحیت اور خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے فوری اقدام کرے۔ ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان آج اسرائیلی قابض افواج کی حفاظت میں ان اسرائیلی آباد کاروں کے مسجد اقصی کے صحنوں پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اسرائیلی اشتعال انگیز اقدام سے قبلہ اول کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے، اسرائیلی اقدامات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ایسے واقعات بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی اصولوں اور طریقوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ مسجد اقصی کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکا جائے، پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت اور خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے فوری اقدام کرے۔عاصم افتخار احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت اور خلاف ورزیاں خطے میں تشدد، کشیدگی اور عدم استحکام کو ہوا دے رہے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کے دیرپا اور منصفانہ حل کے لیے پاکستان ایک قابل عمل، خودمختار فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتا ہے۔