آرمی ہیلی کاپٹر حادثہ کیخلاف منفی پراپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل نو
6 رکنی جوائنٹ انکوائری ٹیم کا دائرہ کار بڑھا کر انٹیلی جنس ایجینسز کے2 افسران بھی شامل کر لیے گئے،نوٹیفکیشن جاری
آئی ایس آئی سے لیفٹیننٹ کرنل سعد جبکہ آئی بی سے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد نثار وقار ٹیم کا حصہ ہوں گے، وزارت داخلہ
اسلام آباد(ویب نیوز)
وفاقی حکومت نے ہیلی کاپٹرکریش منفی پروپیگنڈہ کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم قائم کردی، جس کا نوٹی فیکیشن جاری کردیاگیا ہے۔وزارت داخلہ نے بلوچستان میں فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران آرمی ہیلی کاپٹر کے حادثے کے المناک واقعے پر سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والوں کا سراغ لگانے اور گرفتار کرنے کے لیے جوائنٹ انکوائری ٹیم تشکیل دے دی۔ وزارت داخلہ نے 6 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے جسے ہیلی کاپٹر حادثے کے المناک واقعے پر سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے میں ملوث افراد کی نشاندہی، گرفتاری اور قانونی کارروائی کا کام سونپا گیا ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد جعفر کریں گے۔ ان کے علاوہ ٹیم میں ڈائریکٹر(سائبر کرائم، شمالی)وقار الدین سعید اور ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران حیدر، ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز شامل ہوں گے جبکہ آئی ایس آئی سے لیفٹیننٹ کرنل سعد جبکہ آئی بی سے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد نثار وقار چوہدری بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔حکام کے مطابق ایف آئی اے اور انٹیلجنس اداروں کی چھ رکنی جوائنٹ انکوائری ٹیم ہیلی کاپٹر حادثے و شہدا سے متعلق منفی ٹرینڈ چلانے والوں کا پتہ چلا ئے گی، ان عناصر کے پیچھے کون کون ملوث ہے یا کن کن کے کہنے پر یہ ٹرینڈ چلا کر ملک کو بدنام اور شہدا کی فیملز و قوم کی دل آزاری کی کا بھی پتہ چلائے گی۔جوائنٹ انکوائری ٹیم کی انکوائری کے بعد ملوث عناصر کے خلاف مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔