عمران خان کے ننکانہ صاحب کے حلقہ NA118 سے کاغذات نامزدگی منظور ، این اے 108 سے مستردکر دیئے گئے
ریٹرننگ آفیسر نے 10امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے…مسلم لیگی امیدوار کے اعتراضا ت مسترد
تحریک انصاف کا ریٹرننگ افسر فیصل آباد کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان، کاغذات نامزدگی کو بلا جواز مسترد کیا گیا، فرخ حبیب
ننکانہ صاحب. فیصل آباد (ویب نیوز)
سابق وزیرا عظم عمران خان کے ننکانہ صاحب کے حلقہ NA118 سے کاغذات نامزدگی منظور ، مسلم لیگی امیدوار کے اعتراضا ت مسترد ، ریٹرننگ آفیسر تنویر الحسن نے عمران خان سمیت 10امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے۔ تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ آفیسر تنویر الحسن نے ننکانہ صاحب کے حلقہ NA118 کے ضمنی الیکشن کے لیے جانچ پڑتال کے بعد تمام امیدواروں کو الیکشن لڑنے کے اہل قرار دے دیا سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سمیت دس امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظورکیے گئے ہیں جبکہ اعجاز احمد شاہ نے عمران خان کے کورنگ امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے پاکستان مسلم لیگ (ن )کی ڈاکٹر شذرہ منصب کھرل اورپیپلز پارٹی کے رائے شاہ جہان بھٹی ،مذہبی تنظیم ٹی ایل پی کے افضال حسین شاہ اورمرکزی جمعیت اہل حدیث کے ضلعی امیر رائے ملازم حسین کھرل ،رائے فیصل رشید بھٹی، مہر سعید ظفر پڈھیار. رضوان واہگہ اور سائرہ منصب کے کاغذات نامزدگی بھی منظوردرست قرار دے دیئے گئے ۔ریٹرننگ آفیسر تنویرا لحسن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف مسلم لیگ( ن) کی امیدوار شذرہ منصب علی خاں کھرل کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات مسترد کردیئے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیالزامات کے علاوہ عمران خان کے شناختی کارڈ اور کاغذات نامزدگی کے دستخطوں کے فرق کااعتراض کیا تھا عمران خان نے فون کے ذریعے اپنے دستخطوں کی تصدیق کر دی
این اے 108 ضمنی انتخاب،عمران خان کے کاغذات نامزدگی مستردکر دیئے گئے،تحریک انصاف نے ریٹرننگ افسر فیصل آباد کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے ہیں۔ ریٹرننگ افسر فیصل آباد نے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے، عمران خان کو آج طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، سابق وزیراعظم کے نامزدگی کاغذات میں دستخطوں کا فرق تھا۔اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ فیصل آباد کے ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کو بلا جواز مسترد کیا، سابق وزیراعظم کے 9 حلقوں میں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے، یہ اعتراضات واٹس ایپ کے ذریعے سب کو بھجوائے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی کاغذات 8 حلقوں میں جمع کرائے گئے، تمام کاغذات پورے ہونے کے باوجود کاغذات کو مسترد کیا گیا، اس ریٹرننگ افسر پر ہمیں آئندہ بھی اعتماد نہیں ہوگا، مسلم لیگ کے ایک امیدوار پانچ سال سے واسا کے ڈیفالٹر ہیں، پانچ سال کے ڈیفالٹرکے امیدوار کے کاغذات کو منظور کیا گیا۔ تحریک انصاف نے این اے 108 فیصل آباد سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اپیل کی تیاری شروع کردی گئی، تحریک انصاف ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو چیلنج کریگی۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11 اراکین کے استعفے منظور کرلئے تھے، ان استعفوں میں این اے 108 کا حلقہ بھی شامل تھا، 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے فرخ حبیب نے 112740 ووٹ لیکر عابد شیر علی کو شکست دی تھی۔