کسی کو اہل اور کسی کو نا اہل بنانے کے چکر میں بڑا مسئلہ ہوسکتا ہے، شیخ رشید

چور اور ڈاکو اپنے کیسز ختم کرنے آئے ہیں،  سازش کرنے والے سن لیں قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے،جلسہ سے خطاب

راولپنڈی(ویب  نیوز)

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عوام پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ چور و ڈاکو حکومت میں آنے کے بعد اپنے کیس ختم کرنے کے لیے مصروف ہیں ،کسی کو اہل اور کسی کو نااہل بنانے کے چکر میں بہت بڑا مسئلہ ہو سکتا ہے۔  عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی لیاقت باغ میں پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنڈی نے خوش کردیا ہے، روک سکو تو روک لو،عمران خان آرہا ہے۔   سڑکوں یا چوکوں پر فیصلہ کرنا ہے، ہم سے جنگ کرنی ہے یا صلح کرنی ہے یہ فیصلہ آپ کا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جعلی بیماریاں کہہ کر بھاگے،ڈریں یہ بیماری اصلی نہ ہو جائیں جبکہ مجھ پر4 خود کش حملے ہوئے میں زندہ ہوں ، مریم نواز نے میری کورونا کی ٹوئٹ لگا کر کہا اس کو ہارٹ اٹیک ہوگیا۔ شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کے اقتدار میں 6 فیصد گروتھ تھی ، چور اور ڈاکو اپنے کیسز ختم کرنے آئے ہیں جبکہ چور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق ختم کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13 چور جماعتوں نے ووٹ خریدے، سازش کرنے والے سن لیں قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔   شیخ رشید نے مزید کہا کہ حکومت وہ ہوتی ہے جوعوام کے دلوں میں ہو، آج سے لڑائی شروع ہے،ہم عمران خان کے ساتھ ہیں جبکہ آج بھی ملک کا وزیراعظم عمران خان ہے ، چور ڈاکو نہیں۔