لاہور (ویب نیوز)
- پاکستان صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں یو اے ای کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، محمد بلیغ الرحمان
- وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان اور یو اے ای کے مابین باہمی تجارت کو مذید فروغ دیا جائے گا۔گورنر پنجاب کی متحدہ عرب امارات کے سفیرسے گفتگو
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس لاہور میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ،دو طرفہ تجارت کو بڑھانے اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کومزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے متحدہ عرب امارات سے تعلقات حکومتی اور عوامی سطح پر باہمی محبت اور احترام کی بنیاد پر مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں یو اے ای کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان اور یو اے ای کے مابین باہمی تجارت کو مذید فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کی مسلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کرنے پر یو اے ای کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزیدمستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت سالہا سال سے یو اے ای کی معیشت اور تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک ،یو اے ای تعلقات خطے کے لیے ایک مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کو مذید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔یو اے ای کے سفیر نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے مشترکہ منصوبوں پر کام شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ صحت، تعلیم، زراعت، بائیو ٹیکنالوجی، فوڈ سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مذید وسعت دینا چاہتا ہے
- متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزارت اعلیٰ پر فائز ہونے پر پرویز الٰہی کو مبارکباد اورمتحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت دی
- فیروز پور روڈ لاہور پر مبارک سینٹر پر کام شروع کرنے پر اتفاق، دبئی گروپ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کریگا: پرویزالٰہی
- مبارک سینٹر لاہور کی بلند ترین عمارت ہوگی، سیون سٹارہوٹل تعمیر ہوگا،ہوٹل کو فلائی اوور سے قذافی سٹیڈیم کیساتھ لنک کیا جائیگا
- سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے و زیر اعلی پرویز الٰہی کی ذاتی دلچسپی قابل ستائش ہے ،پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے:سفیرمتحدہ عرب امارات
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی (Mr. Hamad Obaid Ibrahim Salem Al-zabi) نے ملاقات کی ۔ پنجاب ہائوس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزارت اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے پر چودھری پرویز الٰہی کو مبارکباد دی۔یو اے ای کے سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو متحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اورمتحدہ عرب امارات کے سفیرنے فیروز پور روڈ لاہور پر مبارک سینٹر پر کام شروع کرنے پر اتفاق کیااور فیصلہ کیاگیا کہ معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مستقبل میں قریبی رابطوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہDhabi گروپ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرے گا،جس پرمتحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ پنجاب حکومت مبارک سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ مبارک سینٹر لاہور کی بلند ترین عمارت ہوگی۔ سٹیٹ آف دی آرٹ مبارک سینٹرمیںکاروباری مراکز اورسیون سٹارہوٹل تعمیر ہوگااورسیون سٹار ہوٹل کو فلائی اوور سے قذافی سٹیڈیم کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ بننے سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو قذافی سٹیڈیم آنے جانے میں بے پناہ سہولت ہوگی اور ٹورنامنٹس کے انعقاد کے دوران لاہور کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک کی بندش کے عذاب سے نجات ملے گی۔ انہوںنے کہا کہ یہ منصوبہ میرے سابقہ دور میں شروع ہوا ،بدقسمتی سے (ن) لیگ کی حکومت نے اسے بھی سیاست کی بھینٹ چڑھایاتاہم اب ہم اس منصوبے پر تیزی سے کام آگے بڑھائیںگے۔ مبارک سینٹربننے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان ا ور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں ۔وقت آ گیا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو سٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلا جائے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیوں کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں متحدہ عرب امارات کا تعاون لائق تحسین ہے اورتعلیم ،صحت اوردیگر شعبوں کی بہتر ی کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے بزنس ٹو بزنس وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پہلی فرصت میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کروں گا۔ سفیر متحدہ عرب امارات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے و زیر اعلی چودھری پرویز الٰہی کی ذاتی دلچسپی قابل ستائش ہے ـ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔مبارک سینٹر کی تعمیر کا منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط سے مضبوط بنائیں گے۔متحدہ عرب امارات کی قیادت بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ہم آپ کو متحدہ عرب امارات آمد پر خوش آمدید کہیں گے۔