پی ٹی آئی ساری دستاویزات تو کیس میں دے چکی تھی ، پھر کہاں سے اکٹھی کرنی ہیں،چیف الیکشن کمشنر
فارن چیپٹر سے دستاویزات منگوانی ہیں جس قسم کا آرڈر آیا، بہت ساری چیزوں کی تفصیل بتانی ہے،وکیل
جواب جمع کرانے کے لئے ایک ہفتے سے زیادہ کا وقت نہیں دے سکتے،چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد (ویب نیوز)
چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ کیس میں فنڈز ضبط کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کوجاری شوکاز نوٹس پر سماعت کی۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل انور منصور خان الیکشن میں پیش نہیں ہوئے اور ان کے معاون وکیل نوید انجم نے پیش ہو کر کمیشن کو بتایا کہ انور منصور خان سپریم کورٹ آف پاکستان میں مصروف ہیں۔معاون وکیل نے کمیشن سے جواب اور دستاویزات جمع کروانے کے لئے ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کی۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پی ٹی آئی ساری دستاویزات تو کیس میں دے چکی تھی، آپ پوری کارروائی کا حصہ رہے ہیں، دستاویزات آپ کے پاس پہلے سے ہیں، پھر کہاں سے اکٹھی کرنی ہیں۔ اس پر وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن چیپٹر سے بھی دستاویزات منگوانی ہیں جس قسم کا آرڈر آیا ہے بہت ساری چیزوں کی تفصیل بتانی ہے، کیس میں بہت زیادہ دستاویزات ہیں انہیں اکٹھا کرنا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جواب جمع کرانے کے لئے ایک ہفتے سے زیادہ کا وقت نہیں دے سکتے۔ الیکشن کمیشن نے چارہفتے کا وقت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل کو چھ ستمبر تک جواب جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔