آرمی فارمیشنز سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد یقینی بنائیں، ہر ایک متاثرہ شخص تک پہنچا جائے،جنرل قمر جاوید باجوہ
آرمی چیف نے فارمیشنز کو آپریشنل تیاریاں مستحکم اور خیبر پختونخوا، بلوچستان میں انسداد دہشتگردی کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی،آئی ایس پی آر
راولپنڈی (ویب نیوز)
آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ،غیرمعمولی بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کااظہار کیا گیا،عسکری قیادت نے سیلاب متاثرین کی مدد اور ریلیف کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی فارمیشنز کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں 250ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی فارمیشنز نے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا اور سیلاب، بارشوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصانات پردکھ کا اظہار کیا۔ جبکہ امدادی اور ریلیف کے کاموں میں پاک فوج کے جوانوں کے کردار کو سراہا۔ فورم نے غیرمعمولی بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے وسیع نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کا عزم کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشنز نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آرمی فارمیشنز سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد یقینی بنائیں، ہر ایک متاثرہ شخص تک پہنچا جائے۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے مکمل آپریشنل تیاری رکھی جائے۔