وفاقی محتسب کا فیصلہ مسترد ،صدر کا این ایچ اے کو شکایت کنندگان کو خریدی گئی زمین کے بدلے معاوضہ ادا کرنے کا حکم
25 سال قبل اعلان کردہ ایوارڈ پر عمل درآمد میں غیر ضروری تاخیر پر این ایچ اے کی سرزنش کی
1997 میں اتھارٹی کی جانب سے اعلان کردہ معاوضہ ابھی تک ادا نہیں کیا ، ڈاکٹرعارف علوی
اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 25سال پرانے معاملے میں وفاقی محتسب کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کو شکایت کنندگان کو خریدی گئی زمین کے بدلے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 25 سال پرانے اراضی معاوضہ کیس کا فیصلہ سنا دیا، عارف علوی نے 25 سال قبل اعلان کردہ ایوارڈ پر عمل درآمد میں غیر ضروری تاخیر پر این ایچ اے کی سرزنش کی اور این ایچ اے حکام کو 45 دن کے اندر شہریوں کو واجب الادا رقم ادا کرنے کا حکم دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ 1997 میں اتھارٹی کی جانب سے اعلان کردہ معاوضہ ابھی تک ادا نہیں کیا گیا، یہ زمین کی پیمائش یا معاوضے کے تخمینے کا کیس نہیں ، معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ ہے اور محتسب نے احکامات جاری کرتے ہوئے اس اہم پہلو کو نظر انداز کیا۔انہوں نے کہا کہ 1997میں طے شدہ زمین کے معاوضے کے ایوارڈ کو کسی بھی فریق نے چیلنج نہیں کیا، ایوارڈ حتمی ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ایوارڈ کے مطابق رقم ادا کرنے کا پابند ہے۔واضح رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سڑک (N-5) کی تعمیر کیلئے تین شہریوں سے 11 کنال اور 10 مرلہ زمین حاصل کی تھی جبکہ 1994 میں 8دکانوں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا تھا جس پر شکایت کنندگان نے بقیہ 35دکانوں کے لیے ایوارڈ کی درخواست کی تھی۔باقی دکانوں کی پیمائش اور تخمینے کے بعد دسمبر 1997میں ایوارڈ کا اعلان ہوا مگر عمل درآمد نہیں کیا گیا، شکایت کنندگان نے 2021 میں بقیہ دکانوں کے معاوضے کیلئے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا لیکن وفاقی محتسب نے اراضی کا معاملہ ہونے کی بنیاد پر ریلیف فراہم کیے بغیر معاملہ نمٹا دیا۔شکایت کنندگان نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو درخواست دائر کی، جس پر فیصلہ سناتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے محتسب کے فیصلے کو مسترد کیا اور ہدایت کی کہ بقیہ معاوضہ 45 دن میں ادا کیا جائے۔