• ایف بی آر کی اپیل مسترد ، ٹیکس محتسب کا فیصلہ برقرار، نجی فوڈکمپنی کو ٹیکس ریفنڈ کے معاملہ میں موقع ِسماعت دیا جائے،صدر مملکت
  • سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اصل رقم کی واپسی سے انکار نہیں کیا جا سکتاخواہ رقم کی واپسی کی درخواستیں تاخیر سے دائر کی جائیں

اسلام آباد (ویب نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  ایف بی آر کی اپیل مسترد کر تے ہوئے  ٹیکس محتسب کا فیصلہ برقرار رکھا اور ایف بی آر کو ہدایت کی کہ نجی فوڈکمپنی کو ٹیکس ریفنڈ کے معاملہ میں موقع ِسماعت دیا جائے ۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایف بی آر کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نجی فوڈ کمپنی کے ریفنڈ معاملے میں قانون کے مطابق سماعت کا موقع فراہم کیا جائے۔ کمپنی نے 5سے 8سال کی تاخیر کے بعد ریفنڈ کا دعوی دائر کیا تھا۔ نجی فوڈ کمپنی نے 2020 میں لارج ٹیکس پیئرز آفس، کراچی میں سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت ریفنڈ کلیمز فائل کرنے میں تاخیر پر معافی کی درخواست کی تھی۔کمپنی میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے گزشتہ سیلز ٹیکس ریٹرن میں 88.5 ملین روپے کے سیلز ٹیکس کی رقم کا دعوی  ایڈجسٹ نہیں کیا گیا تھا۔صدر مملکت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اصل رقم کی واپسی سے انکار نہیں کیا جا سکتاخواہ رقم کی واپسی کی درخواستیں تاخیر سے دائر کی جائیں،آئین کے تحت کسی بھی شخص کو ماوارائے قانون جبری طور پر جائیداد سے محروم نہیں کیا جائے گا،تسلیم شدہ اصول ہے کہ جو غلط طریقے سے لیاجائے اسے واپس کرنا ریاست کا فرض ہے،اگر ایک فریق نے غلطی سے دوسری پارٹی کو کچھ رقم ادا کی جو قانون یا معاہدہ کے تحت واجب الادا نہیں تو اس واپس کرنا ضروری ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پیچیدگیوں کی بنیاد پر رقم واپس نہ کرنا اخلاقیات اور انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کے یکساں نوعیت کے معاملات میں دو مختلف زونز کے کمشنرز نے ایک دوسرے کے برعکس احکامات جاری کیے ،ایک معاملے میں تاخیر کو معاف کیا گیا جبکہ دوسرے میں معافی کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایک جیسے معاملات میں متضاد نقطہ نظر سے شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں ،متضاد فیصلوں سے جہاں تک ممکن ہو گریز کیا جانا چاہیے، ایف بی آر کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔