طبی معائنے کیلئے کیمپس بھی لگائے گئے،متاثرین کو خوراک اوردیگر اشیاء فراہم کی گئیں
اسلام آباد (ویب نیوز)
ملک بھر کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج نے امدادی سرگرمیاں تیز کردیں۔پنجاب کے ضلع راجن پور کے دور دراز علاقوں میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی سامان کی تقسیم کی گئی ، سیلاب متاثرین کو خوراک اور دیگر اشیاء فراہم کی گئیں۔ پاک فوج کی جانب سے طبی معائنے کے لیے کیمپس بھی لگائے گئے جبکہ پاک آرمی کے ساتھ پاک بحریہ بھی سندھ میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے میں پیش پیش ہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب میں محصور افراد کو ریسکیو کرلیا، یہ افراد کئی گھنٹوں سے گھروں کی چھتوں پر محصور تھے۔ دوسری جانب سیلاب زدگان کی امداد کے لیے لاہور ڈویژن میں17 مقامات پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمدعبدالعزیز کی ہدایت پر فوج اور رینجرزکے امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق لاہور میں بیدیاں روڈ، ڈیفنس، لبرٹی ،قصور، شیخوپورہ، چونیاں فورٹریس سٹیڈیم، صدر، والٹن، جوہرٹائون اور گریٹراقبال پارک میں امدادی کیمپ قائم کئے گئے جہاں عوام سیلاب متاثرین کے لئے کیمپوں میں عطیات جمع کرارہے ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج ، پنجاب رینجرزکے جوان بلوچستان، سندھ، کے پی کے، جنوبی پنجاب میں متاثرین تک عطیات کی ترسیل کے لئے دن رات مصروف ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ دل کھول کرعطیات دیں اور متاثرین کو ریلیف پہنچائیں۔