یہ سیاست کا موقع نہیں بلکہ دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کا وقت ہے، مخیر حضرات بھی سیلاب متاثرین کی مدد کریں

تیس سال میں اتنی بارش نہیں ہوئیں جتنی اس سال ہوئی ہیں، بارشوں کے باعث لاکھوں گھر اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں

چارسدہ، نوشہرہ، سوات اور دیر میں بھی بارش اور سیلاب سے نقصانات ہوئے ہیں ،وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر بحالی کے کام کر رہی ہیں

وزیر اعظم کی سیلاب سے متاثرہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو

پشاور (ویب نیوز)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام اور اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے جبکہ متاثرین کی فوری بحالی کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں ۔سیلاب کے باعث چارسدہ، نوشہرہ، سوات اور دیر میں بھی نقصانات ہوئے ہیں تاہم وفاق اور صوبائی حکومت مل کر متاثرین کے لیے کام کررہی ہیں۔یہ سیاست کا موقع نہیں بلکہ دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کا وقت ہے۔ مخیر حضرات آگے بڑھیں اور سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ سیلاب متاثرین کا آخری گھر بننے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سیلاب سے متاثرہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی کیمپ میں میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا ۔انہوں نے چارسدہ ، نوشہرہ ، سوات ، دیر اور مردان پل کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیاجبکہ وزیراعظم کو مردان پل پر دریائے کابل میں سیلابی صورتحال اور امدادی کارروائیوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے اور فوری امدادی کارروائیوں کے لئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں اور متاثرین کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔وزیراعظم نے گورنمنٹ کامرس کالج نوشہرہ میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم کئے گئے امدادی کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ چارسدہ، نوشہرہ، سوات، دیر میں بارش اور سیلاب سے نقصانات ہوئے ہیں تاہم وفاق اور صوبائی حکومت مل کر متاثرین کے لیے کام کررہی ہیں اور متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 30 سال میں اتنی بارش نہیں ہوئیں جتنی اس سال ہوئی ہیں اور بارشوں کے باعث لاکھوں گھر اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ 3 کروڑ 30 لاکھ افراد بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے متاثرین کی امداد کیلئے کئے جانے والے فیصلوں کے حوالے سے کہا کہ 28 ارب روپے کی رقم سے 25 ہزار روپے فی گھرانہ متاثرین میں تقسیم کیے جائیں گے جبکہ سیلاب اور بارش سے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاست کا موقع نہیں دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کا وقت ہے۔ مخیر حضرات آگے بڑھیں اور سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ سیلاب متاثرین کا آخری گھر بننے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔