اسلام آباد (ویب نیوز)
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام 81 فیصد شناخت شدہ خاندانوں میں مالی معاونت تقسیم کر چکا ہے، ایک روز میںمزید 5,691 سیلاب متاثرین میں امدادی رقوم تقسیم،81 فیصدخاندان مستفید ہو چکے،اب تک 924,063سیلاب متاثرہ خاندانوں میں 23 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے 924,063 خاندانوں میں 23,101,575,000 روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ اب تک کل شناخت شدہ خاندانوں میں سے 81 فیصد کو رقوم کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔ بی آئی ایس پی کی سینئر انتظامیہ سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں قائم خصوصی ادائیگی کیمپوں پر امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کی نگرانی کر رہی ہے۔ اعلامیہ کیے مطابق سیلاب متاثرین کثیر تعداد میں امدادی رقوم کے حصول کیلئے ادائیگی کیمپوں میں جا رہے ہیں جو مالی امداد کی منصفانہ اور شفاف ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔ ادائیگی کیمپوں پر تعینات بی آئی ایس پی کا عملہ پوری طرح متحرک ہے اور امدادی نقد رقم کی تیزی سے تقسیم کو یقینی بنا رہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق بلوچستان میں 112,485 خاندانوں کو 2,812,125,000 روپے موصول ہوئے ہیں۔ سندھ میں 550,235 خاندانوں کو 13,755,875,000 روپے مل چکے ہیں،خیبرپختونخوا میں 114,077 خاندانوں کو 2,851,925,000 روپے جبکہ پنجاب میں 147,266 خاندانوں کو 3,681,650,000 روپے موصول ہوئے ہیں۔ اتوارکے روز بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف کیمپوں سے 5,691 سیلاب متاثرین نے اپنی ادائیگیاں وصول کیں ہیں۔ ملک میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قائم 377 خصوصی کیمپس کے ذریعے اب تک کل شناخت شدہ خاندانوں میں سے 81.37 فیصد خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ متاثرہ خاندان فلڈ ریلیف کیش اسسٹینس پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8171 پر بھیج سکتے ہیں اور ادائیگی کا پیغام موصول ہونے پر وہ اپنی رقم حاصل کرنے کے لیے اپنے قریبی کیمپ سائٹ پر جا سکتے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے کیمپ سائٹس پر موجود متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کیساتھ مکمل تعاون کریں۔