کوہ سلیمان کے مکینوں میں کپڑے ، راشن، پینے کا صاف پانی بھی تقسیم کیا گیا
لاہور (ویب نیوز)
پنجاب اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز نے اپنی مدد آپ کے تحت سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کیلئے فری ریلیف میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کے اعزازی قونصل جنرل برائے بلوچستان(کوئٹہ)سید ندیم عالم شاہ کے کوئٹہ میں پیدا ہونے والے بڑے صاحبزادے ڈاکٹر سید طلحہ شاہ نے اپنے دوستوں عبدالباسط خان ،ڈاکٹر اسد محمود اورپیرامیڈک سٹاف محمد قاسم کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان کے سیلاب سے متاثرہ پسماندہ ترین علاقے شادن لُنڈمیں فری ریلیف میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف میڈیکل کیمپ میں سیکڑوں افراد کا طبی معائنہ کیا گیا اور پیچش، بخار، نزلہ، کھانسی، جلدی امراض سمیت جسم میں دردوں کیلئے ادویات تقسیم کیںاورکچھ مریضوں کو باہر سے بلڈپریشر و شوگر جیسے امراض کی ادویات تجویز کرتے ہوئے ادویات کی خریداری کیلئے کچھ نقدی دے کر معاونت کی۔جبکہ جامعہ فاروقیہ اور الفاروقیہ ٹرسٹ شجاع آبادکے مولانا عمیر صدیقی کے ذریعے کوہ سلیمان کے مکینوں میں کپڑے اور راشن بھی تقسیم کیا گیا۔خدمت خلق کے جذبے سے سر شارجامعہ مظاہر العلوم کوٹ ادوکے مفتی عاصم اورمدرسہ امداد العلوم شادن لُنڈ ڈیرہ غازی خان کے ڈاکٹر مفتی سمیع اللہ سمیت شادن لُنڈ کے لوگوں نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔فری ریلیف میڈیکل کیمپ کے ٹیم لیڈر عبدالباسط خان نے کہا کہ مجھے اپنی میڈیکل ٹیم پر فخر ہے جو دشوار گزار راستوں سے گزر کر متاثرہ علاقوں میں پہنچی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کیں،البتہ سیلاب زدہ علاقوں میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے ،متاثرین کی بحالی کیلئے بڑے پیمانے پر امداد کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر سید طلحہ شاہ نے اپیل کی کی حکومت اور مخیر حضرات سیلاب متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے پینے کا صاف پانی ،خیمے ، خوراک ،موبائل کلینک، ادویات ودیگر طبی آلات فوری فراہم کریں ،جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں۔