لاہور (ویب نیوز)

سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ای لائبریری میں منگل کے روز انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا ،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین ،انسپکٹر ماحولیات خدیجہ عنایت، ڈاکٹر توقیر حسنین اورایڈمنسٹریٹر نیشنل ہاکی سٹیڈیم ملک ناصر بھی شریک تھے، سیمینار میں  سپورٹس بورڈ پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل آف سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب کے ملازمین کو ڈینگی مچھر سے بچائو کے بارے میں آگاہی دی گئی،ڈاکٹر توقیر حسنین نے ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے اور اس سے بچائو کیلئے احتیاطی تراکیب پر لیکچر دیا، ڈاکٹر توقیر حسنین نے شرکاء کو بتایا کہ ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ اپنے اردگرد صفائی رکھی جائے،ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کیلئے پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے، سب کی اجتماعی کوششوں سے ہی ڈینگی پر قابو پایا جاسکتا ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین نے کہا ہے کہ   سپورٹس بورڈ پنجاب انسداد ڈینگی مہم میں شریک ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے اپنے تما م سپورٹس ویونیوز کی صفائی کرائی ہے ، ہمیں اپنے گھروں، محلوں اور دفاتر میں صفائی کا خصوصی خیال رکھنا چاہئے تاکہ ڈینگی مچھر کو افزائش کا موقع نہ ملے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں ہے، تھوڑی سی احتیاط سے ہم ڈینگی سے بچ سکتے ہیں۔