مقبوضہ بیت المقدس (ویب نیوز)
اسلامی تحریک مزاحمت(حماس)کے ترجمان محمد حمادہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کومسجد اقصیٰ کا تقدس پامال نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ مذہبی تہواروں کی تعطیلات کے دوران اسرائیل ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قبلہ اول کی بے حرمتی کی اجازت دیتا اور انتہا پسندوں کو مسلمانوں کے مقدس مقام میں داخل ہونے کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں قابض دشمن اور اس کے آباد کار جو کچھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں وہ بہت خطرناک ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دراندازی کے ذریعے نئے حقائق کو ثابت کرنا چاہتا ہے جن میں سب سے اہم مسجد اقصیٰ کی زمانی اور مکانی بنیادوں پر تقسیم کی سازش ہے۔انہوں نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ضروری لمحے کی حد تک ہوشیار رہیں۔ خاص طور پر القدس اور غرب اردن کو قبلہ اول کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم قبلہ اول کے دفاع کے لیے تیار ہے اور ہم مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کرنے اور اس کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دیں گے۔