نیویارک (ویب نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ نیویارک میں ملاقات ہوئی جس میں امریکی صدر نے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔وزیراعظم ہاوس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی،امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں سینکڑوں اموات پر افسوس کا اظہار کیا، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی،وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے افسوس اور ہمدردی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا،وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے عالمی برادری کے نام پیغام اور پاکستان کی حمایت پر امریکی صدر کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا،وزیراعظم نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کی سربراہ کے دورہ پاکستان اور امداد بھجوانے پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا،امریکی صدر جو بائیڈن نے مشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر اور ان کی اہلیہ کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔